نئی دہلی،13 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی کی جانب سے راہل گاندھی پر بدعنوانی کا الزام لگائے جانے کے بعد کانگریس نے جوابی حملہ کرتے ہوئے بدھ کو الزام لگایا کہ بدلے کے جذبے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی توازن کھو بیٹھے ہیں اور بغیر سرو پیر کے الزام لگا رہے ہیں۔
پارٹی کے مرکزی ترجمان رندپ سرجیوالا نے یہ بھی سوال کیا کہ پانچ سالوں سے مودی حکومت نے جانچ کیوں نہیں کرائی؟ سرجیوالا نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہار قریب دیکھ کر مودی جی لڑکھڑا رہے ہیں، گمراہ بھی ہو رہے ہیں لیکن 2019 میں بھی وہ تین صوبوں کی طرح ہارنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ راہل گاندھی سے نفرت اور انتقام کی آگ میں مودی جی اور اسمرتی ایرانی جی اتنے اندھے ہو گئے ہیں کہ وہ توازن کھو بیٹھے ہیں اور روزانہ بے سرو ٹانگ کے الزام لگا رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہاکہ آپ کی پانچ سال سے حکومت ہے،آپ نے اب تک جانچ کیوں نہیں کی؟ ساری تفتیشی ایجنسیاں ان کے پاس ہیں تو پھر 2019 میں الزام لگانے کے لئے انتظار کیوں کر رہے تھے؟۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ان کی باتوں میں کوئی دم نہیں ہے۔اسمرتی ایرانی پر طنز کستے ہوئے سرجیوالا نے کہاکہ کسی نااہل اور ناخواندہ شخص کے وزیر بننے پر یہی سب ہوتا ہے۔
دراصل مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر اسمرتی ایرانی نے ہریانہ میں زمین خریدنے کے ایک معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایچ ایل پاہوا نام کے ایک شخص کے یہاں ای ڈی کی چھاپہ ماری میں اس کے پاس سے راہل گاندھی کے ساتھ لین دین کی دستاویزات ملے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مانا گیا ہے کہ بدعنوانی کانگریس کی دین رہی ہے۔بی جے پی نے یہ حملہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی پہلی ریلی کے بعد کیا ہے۔